پٹنہ،29اگست ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) سہرسہ میں ایک طالبہ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سے بہار کا سیاسی ماحول گرما گیا ہے۔ ایک طرف جہاں حزب اختلاف کے لیڈر تیجسوی یادو نے ٹوئٹ کرکے ا س کے لئے وزیر اعلیٰ نیتش کمار کو قصوروار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے دور اقتدار میں ریاست میں بیٹیاں محفوظ نہیں ہیں اور ریاست میں ایک کے بعد لڑکیوں کے خلاف وارداتیں پیش آ رہی ہیں۔
وہیں دوسری جانب جے ڈی یو کے ریاستی ترجمان سنجے سنگھ ، نیرج کمار اور اجئے آلوک نے جوابی حملہ کرتے کہا کہ لڑکی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی واردات میں آر جے ڈی کے لوگ ملوث ہیں۔دریں اثنا چھیڑ چھاڑ کے اس معاملے میں پولس نے تیزی سے کارروائی کرتے ہوئے دو لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ساتھ ہی کوسی رینج کے ڈی آئی جی سریش پرساد نے منگل کو نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ یہ ویڈیو دو ماہ پرانی ہے ، جسے حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا ہے۔غور طلب ہے کہ شوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں تقریبا 8۔10 لڑکے سائکل پر کتاب لیکر جا رہی ایک لڑکی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر رہے ہیں۔ لڑکی انسے بار بار چھوڑ دینے کی درخواست کر رہی ہے، لیکن ان پر کچھ بھی اثر نہیں ہو رہا ہے۔ فرار ہونے کی کوشش کر رہی لڑکی کو وہاں موجود بدمعاش زمین پر پٹک کر اسکے ساتھ بد سلوکی کر رہے ہیں۔ اس ویڈیو کو حزب اختلاف کے لیڈر تیجسوی یادو نے منگل کو جب ٹوئٹر پر شیئر کرتے ریاست میں نتیش کمار کے نظم ونسق پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے انہیں کٹہرے میں کھڑا کرنے کی کوشش کی۔
جے ڈی یو کے ترجمان سنجے سنگھ ، نیرج کمار اور اجئے آلوک نے پارٹی دفتر میں منعقد ایک مشترکہ پریس کانفرینس میں جناب تیجسوی یادو پر زوردار حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اس لڑکی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والے لوگ آرجے ڈی کے حامی ہیں۔ اور تیجسوی یادو کے اشارے پر ہی اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر وائرل کرکے بہار کے بدنام کرنے کی سازش کی گئی ہے۔ تیجسوی یادو کی تنقید کرتے ہوئے ان لوگوں نے کہا کہ انہوں نے ایک سوچی سجمھی حکمت عملی کے تحت دو ماہ پرانی اس ویڈیو کو وائرل کروایا ہے تاکہ بہار کو قومی سطح پر بدنام کیا جا سکے۔ اس درمیان اس ویڈیو کے جاری ہونے کے بعد پولس نے فوراً کاروائی کرتے ہوئے اس میں ملوث دو لوگوں کا گرفتار کر لیا ہے۔ کوسی رینج کے ڈی آئی جی سریس پرساد نے دعویٰ کیا ہے بہت جلد ہی اس میں ملوث تمام لوگوں کا گرفتار کر لیا جائگا۔ اسکے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ یہ ویڈیو دو ماہ پرانی ہے۔